اسلام آباد (اے پی پی) ملک میں جیمزز و جیولری ایکسپورٹس کے فروغ کے لیے تیسر ی جیمز اینڈ جیولری کانفرنس و ایکسپو 20 تا 22مئی اسلام آباد میں منعقد ہوگی ،جیمز اینڈ جیولری نمائش میں پچاس سے زائد سٹالز لگائے جائیں گے، نمائش میں ملک بھر سے ایگزیبیٹرز شرکت کریں گے، نمائش کے موقع پر کانفرنس اور بی ٹوبی ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، راولپنڈی چیمبر آف کامرس غیر معروف سیکٹرز کی ترقی کے اقدامات جاری رکھے گا ۔ان خیالات کا اظہار راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ندیم رئوف نے ، گروپ لیڈر سہیل الطاف ، صدر راولپنڈی جیمز اینڈ جیولری ایسوسی ایشن و اسمال چیمبر آف کامرس آصف ادریس ، چیئرمین ایکسپو فیاض قریشی و دیگر عہدیداران کے ہمراہ جمعرات کو چیمبر ہال میں میڈیا کو جیمز اینڈ جیولری ایکسپو بارے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایاکہ بھارت میں جیمزاینڈ جیولری کا سالانہ ایکسپورٹ حجم 40 ارب ڈالر سے زیادہ ہے جبکہ پاکستان میں جیمز اینڈ جیولری کا ایکسپورٹ حجم 24ملین ڈالر ہے۔جیمز اینڈ جیولری کے ایکسپورٹ حجم میں اضافے کے لیے راولپنڈی چیمبر آف کامرس سال 2018اور سال 2019 میں آرسی سی آئی کامیاب جیمز اینڈ جیولری نمائش کا انعقاد کر چکا ہے ۔ رواں برس بھی جیمز اینڈ جیولری کانفرنس کا کامیاب انعقاد کیاجائے گا ۔ ندیم رئوف نے بتایاکہ گلگت بلتستان اور بلوچستان سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں قیمتی پتھروں کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔