، پاک ویسٹ انڈیز سیریز ملتان میں ہونے کا امکان

240

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈراپ ان پچز کا آئیڈیا ترک کرنے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں نئی پچز پر کام شروع کردیا گیاہے، پچز کی تیاری کے لئے مٹی بھی منگوالی گئی ہے۔پی سی بی نے نئی پچز پر کام شروع کردیا ہے، نئی وکٹوں کیلئے گجرانوالہ اور نندی پور سے مٹی منگوالی گئی ہے اسکے علاوہ آسٹریلیا سے بھی مٹی منگوائی گئی ہے جو آئندہ چند روز میں کراچی پہنچ جائے گی۔بتایا گیا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم میں مجموعی پر دس سے بارہ پچز بنائی جائیں گی، پی سی بی حکام کے مطابق نئی پچز بیٹسمینوں اور بولرز دونوں کے لیے سازگار ہوں گی اور اس پر اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی ۔پی سی بی حکام نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئی پچز نئے ڈومیسٹک سیزن سے پہلے تیار کرلی جائیں گی، پچز کی تیاری کے باعث ویمن ٹیم کا تربتی کیمپ بھی حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں لگایا گیا ہے۔دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی میں آنے والی سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز ملتان میں منعقد کرنے پر غور کر رہا ہے۔ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب سابق وزیراعظم عمران خان نے مئی کے آخر میں دارالحکومت پر مارچ کرنے کے اپنے منصوبوں کا اعلان کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ایسی پیشرفت ہوتی ہے تو اسلام آباد اور راولپنڈی کے اطراف کی سیاسی صورتحال ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کی میزبانی کے لیے سازگار نہیں ہوگی۔عام حالات میں 8سے 12جون تک کھیلی جانے والی سیریز کو لاہور یا کراچی میں منتقل کرنا مشکل نہیں ہوتا لیکن مسئلہ یہ ہے کہ پی سی بی نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم دونوں کی پچز پر بڑے پیمانے پر کام شروع کررکھا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اس وقت نہ تو کراچی اور نہ ہی لاہور سیریز کی میزبانی کر سکتے ہیں اس سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سیریز کے لیے واحد قابل عمل انتخاب رہ جاتا ہے۔ملتان نے کئی سالوں میں کسی بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی نہ کرنے کے باوجود یہ اب بھی کرکٹ کی ایک بہترین سہولت ہے۔