نواز شریف کے فوج مخالف ٹریک ریکارڈ سے سب واقف ہیں، پرویز الٰہی

157

 

لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خاتمے میں ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں، پاک فوج کے خلاف نواز شریف کے ٹریک ریکارڈ سے قوم اور فوج واقف ہے، ن لیگ عمران خان کے بیانات کو توڑ مروڑ کر فوج اور آرمی چیف کے خلاف استعمال کر رہی ہے، عمران خان 2 ٹوک لفظوں میں کہہ چکے ہیں، فوج ہی ملک و قوم کے تحفظ اور سالمیت کی واحد ضامن ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے آرمی چیف سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ملک و قوم کے وقار کو بلند کرنے کیلیے جنرل قمر جاوید باجوہ کی خدمات قابل تحسین ہیں، فوج اور آرمی چیف ایک دوسرے سے الگ نہیں ہوتے ہیں، آرمی چیف کو نشانہ بنانے کا مطلب فوج ہی کو نشانہ بنانا ہوتا ہے، فوج اور آرمی چیف کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر ملکی دفاع کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ ا نہوں نے کہا کہ فوج اور قوم کے درمیان خلیج پیدا کرنا ملک دشمن قوتوں کا ایجنڈا ہے، فوج دشمن قوتوں کو مایوسی ہوگی اور فوج موجودہ بحران سے سرخرو ہوکر نکلے گی۔