سلیکٹڈ حکومت کوہٹانے کا سہرا بلاول کے سر ہے،نثار کھوڑو

229

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے تحت 15 مئی کو پیپلزپارٹی کے چیئرمین ،وزیرخارجہ بلاول زرداری کی کراچی آمد پرفقید المثال استقبال اورجلسہ عام کی تیاریوں کوحتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کو آئینی،جمہوری اور پارلیمانی طریقے سے ہٹانے کی جدوجہد کا سہرا چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کے سرہے،نااہل حکومت کودوبارہ مسلط نہیں ہونے دیں گے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی کراچی آمد پر 15 مئی کو کراچی ائرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر چیئرمین بلاول زرداری کے عظیم الشان استقبال اورکراچی ڈویژن کے تحت منعقد ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کو پیپلزپارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار احمد کھوڑو کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اجلاس میں حتمی شکل دے دی گئی ہے۔اجلاس میں پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن و صوبائی وزیر سعید غنی،جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری اور شہلا رضا شریک تھے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں استقبالیہ کیمپ لگاکربلاول زرداری کے استقبال جلسہ کی تیاریوں کاآغازکردیا جائے گا بلاول زرداری اولڈ ٹرمینل پر ہی اپنے جیالوں، کارکنوں اور استقبال کے لیے آنے والوں سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پرنثار احمد کھوڑوکا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول زرداری کی مدبرانہ قیادت اور ان کی جمہوری جدوجہد نے عوام پر جبری طور پر مسلط سیلیکٹڈ حکومت کو گھر بھجوایا،وہ واحد سیاسی رہنما تھے، جس نے 2018ء کے انتخابات کے بعد مسلط شدہ سیلیکٹڈ حکومت کے خلاف آواز بلند کی۔