میرپورخاص (نمائندہ جسارت) حیسکو انتظامیہ کی جانب سے میرپورخاص اور دیگر مضافات میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کر دیا ، روزانہ بارہ سے سولہ گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور آنکھ مچولی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی سخت گرمی میں شہری پریشان ، پانی کی قلت ہو گئی ، برقی رو سے چلنے والے کاروبار مفلوج ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق موجودہ حکومت کی جانب سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے اعلانات اور دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے محکمہ حیسکو کی بے لگام انتظامیہ نے عوام کی سخت گرمی میں زندگی اجیرن کر دی ہے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی حیسکو حکام نے اپنی بے حسی کو جاری رکھتے ہوئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی نہیں کی اور رمضان کے بعد تو اس میں مزید اضافہ ہو گیا ہے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا کوئی وقت نہیں شہر اور دیگر مضافات میں بجلی کی بارہ سے سولہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے رات رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی کو سلسلہ جا ری رہتا ہے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری سراپہ احتجاج بنے ہو ئے ہیں لیکن حیسکو حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ہے ۔اس حوالے سے میرپورخاص سے عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے ایم این ایز اور ایم پی ایز نے بھی خاموشی اختیار کی ہوئی اور ایسامحسوس ہو تا ہے کہ انہیں عوامی مسائل سے کو ئی سرو کا ر نہیں ہے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شہر بھر میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہو گئی ہے اور لوگ مہنگے داموں پانی خرید کر استعما ل کرنے پر مجبور ہیں جبکہ برقی رو سے چلنے والے کاروبار بھی سخت متاثر ہو رہے ہیں اور روزانہ لاکھوں روپے کا نقصان کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیا تھا لیکن حیسکو حکام کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے سخت گرمی میں شہریوں کو پریشان کردیا ہے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔