نواز شریف نے پارٹی کا ہنگامی اجلاس بلالیا ، شہباز شریف سمیت مرکزی قیادت لندن طلب

346

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک +صباح نیوز) ن لیگ کے قائد نواز شریف نے پارٹی کا ہنگامی اجلاس لندن میں طلب کرلیا۔ذرائع کا کہناہے کہ نواز شریف نے وڈیو لنک اجلاس کی تجویز مسترد کردی اور وزیرعظم شہباز شریف سمیت پارٹی کی مرکزی قیادت کو لندن پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی پہلے ہی لندن میں موجود ہیں جنہوں نے نواز شریف سے ملاقات کرکے سیاسی صورتحال پر طویل بریفنگ دی۔وزیر اعظم شہباز شریف، احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کے ایک دو روز میں لندن روانہ ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کو بعض معاملات پر تحفظات ہیں اس لیے ن لیگ کوئی بڑا فیصلہ کرنے جارہی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لائحہ عمل سے متعلق بھی نوازشریف اور اسحاق ڈار سے مشاورت ہوگی جب کہ آئندہ الیکشن، پنجاب میں کابینہ اور پاور شیئرنگ سے متعلق بھی اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ شہباز شریف کل لندن پہنچیںگے ، ان سے اہم امور پر بات چیت ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت سرسے پاؤں تک بحرن پیدا کرکے گئی ہے،عمران خان نے وہ تباہی مچائی ہے جس کی مثال نہیں ملتی، شکر ادا کروں کہ عمران خان سے جان چھوٹ گئی، آئندہ الیکشن میں مکمل جان چھوٹ جائے گی۔لیگی قائد نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی نے ہمارا قومی کلچر ہی بگاڑ دیا، پاکستان میں 70سال میں پہلی بار ایسا کلچر دیکھ رہے ہیں۔