ملکی اداروں کے خلاف بات برداشت نہیں کی جائے گی، مریم اورنگزیب

326

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کے اداروں کے خلاف بات بالکل برداشت نہیں کی جائے گی، عمران خان ہوش کے ناخن لیں اور اگلے سال الیکشن کا انتظار کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پر جتنی مرضی تنقید کریں لیکن ریاست پر کوئی بات نہیں ہونی چاہئے، آزادی اظہار رائے کے ساتھ ہمارے اوپر ذمہ داری بھی بہت بڑی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  عمران خان سے جب ادارے اور الیکشن کمیشن سوال پوچھیں تو انہیں گالی دے دیتے ہیں، آئین کی حفاظت کےلئے جب عدالتیں کھلیں تو عمران خان آپ انہیں گالیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہوش کے ناخن لیں اور اگلے سال الیکشن کا انتظار کریں، اگلے الیکشن میں عمران خان کی جو ہار ہوگی وہ ہار پہن کر عوام کے سامنے جائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان سولہ سال سے ملک کے سابق وزرائے اعظم کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرتے رہے، کنٹینرز پر چڑھ کر پولیس والوں کے خلاف سر پھاڑے اورسول نافرمانی تحریک کی کال دیتے رہے اور اقتدار میں آ کرعمران خان نے مخالفین پر الزام لگا کر سزائے موت کی چکیوں میں رکھا۔