عمران خان کو شہباز شریف کے اقتدار میں آنے کا غم ہے،وفاقی وزیر اطلاعات

230

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/ صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین تحریک انصاف کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرکوئی جھوٹا، بھکاری، سازشی تھا یا ہے‘ تو عمران خان’تم’ ہو‘ تم کہتے ہو‘ لانگ مارچ خونی مارچ ہوگا‘ اگر خونی مارچ ہوگا تو اسے روکا جائے گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ4 سال تم وزیراعظم رہے‘ اگر کسی نے غلط کام کیا تھا تو حساب کیوں نہ لیا‘ شہباز شریف کا بخار صبح، دو پہر اور شام عمران خان پر چڑھا ہوا ہے‘ تمہیں شہباز شریف کے ووٹ اور پارلیمنٹ کے ذریعے اقتدار میں آنے کا غم لگا ہوا ہے‘ چور اور نااہل وزیراعظم کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے اقتدار سے ہٹایا گیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ان کو ان کے اتحادیوں نے وعدے پورے نہ کرنے پر چھوڑا‘ فرح گوگی تحریک کے ذریعے تم توجہ نہیں ہٹا سکتے‘ تم نے کون سا ایٹم بم بنایا تھا جو امریکا نے تمہیں ہٹانے کی سازش کی؟ کوئی سازش نہیں ہوئی‘ عمران خان کو اپنے جانے کا نہیں‘ شہباز شریف کے آنے کا غم ہے‘ شہباز شریف ایک بھی لوٹے کا ووٹ لے کر وزیراعظم نہیں بنے‘4 سال تم اقتدار میں تھے لیکن آج بھی مخالفین پر الزامات لگا رہے ہو۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایسے وزیراعظم کو اقتدار سے نکالا جو آٹا، چینی اسکینڈلز میں ملوث رہا‘ عمران خان نے ادویات، روٹی، آٹا، چینی، گھی، بجلی اورگیس چوری کی‘ شہباز شریف کشکول توڑ کر دوست ممالک کے پاس ملکی ترقی کے لیے گئے‘ شہباز شریف تمہاری طرح ملک کی عزت کو روندتے ہوئے بھکاری نہیں بنے‘عمران خان کنٹینر پر غداری کے فتوے بانٹ رہا ہے‘ فتوے اس لیے بانٹ رہا ہے کہ کوئی ان سے پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی کا سوال نہ کرے ‘ عمران خان کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے‘ عمران خان نوجوان نسل میں منافرت پھیلا کر انہیں گمراہ کر رہا ہے‘ 4 سال اپوزیشن اور میڈیا کی زبان بندی کی گئی‘ تنقید اگر بہتری کے لیے ہو تو ہم نے ہمیشہ اسے قبول کیا ہے‘ صحافیوں کے ساتھ جب غنڈا گردی کی گئی تو ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے۔