پشاور(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے بشام میںجلسے سے خطاب میں عوام کا ہمدرد بننے کی ناکام کوشش کی، لوگوں کے لیے علاج کی مفت سہولیات فراہم کرنے کی بات کی مگر وزیر اعظم کو یہ بھی نہیں معلوم کہ تحریک انصاف کی حکومت صحت کارڈ پروگرام کے تحت صوبے کی 100فیصد آبادی کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایبٹ آباد میںجلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کو پہلے ہی سے 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے میں فراہم کر رہی ہے۔ شہباز شریف نے علاقے میں 3 مہینوں میں گرڈ اسٹیشن تعمیر کرنے کی بات کرکے شانگلہ کے عوام کو دھوکا دینے کی کوشش کی، انہیں چاہیے کہ وہ نئے گرڈ اسٹیشن تعمیر کرنے کے بجائے پہلے سے موجود گرڈ اسٹیشن کو بجلی تو فراہم کرے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ عوام کو آزادی مارچ کے لیے عمران خان کی کال کا انتظار ہے اور جب عمران خان مارچ کی کال دیں گے تو خیبر پختونخوا کے عوام سب سے پہلے اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔