ایبٹ آباد (صباح نیوز) سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قسمت میں جلد بڑی جیل لکھی ہے، چور اور لٹیرے کابینہ میں بیٹھ گئے ہیں، پاکستان کو بچانا ہے تو الیکشن کروانا ہے، کل شانگلہ میں ایک شخص کہہ رہا تھا کہ کپڑے بیچ دوں گا، کل مریم نے جنرل فیض کا نام لیا، فوجی کہاں سوئے ہوئے تھے؟ اس وقت تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کیلیے تیار ہیں، صرف آصف زرداری راضی نہیں۔ ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ خلیجی ممالک میں ان کو عزت نہیں ملی، جس پر فرد جرم عاید ہو رہی تھی وہ وزیراعظم بن گیا، اے این ایف نے رانا ثنااللہ کے خلاف 15 شہادتیں پیش کیں وہ وزیر داخلہ بن گیا، ڈیزل ملک کا صدر بننا چاہتا ہے۔ مجھے اور عمران خان کو 4 ماہ پہلے سے پتا تھا کہ باپ کا باپ کون ہے اور اس باپ کو کس باپ نے اکٹھا کیا، عمران خان کو غیر ملکی سازش کا نشانہ بنایا گیا، عوام اس حکومت کے خلاف عمران خان کی کال پر اسلام آباد کیلیے نکلیں، یہ پاکستان کی زندگی اور موت کی تحریک ہے۔