بلاول سے تاجروں کی ملاقات، بزنس لائزن کمیٹی کے قیام کافیصلہ

225
کراچی: وزیر خارجہ بلاول زرداری تاجر رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی(نمائندہ جسارت) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری سے بلاول ہاؤس میں تاجر برادری کے رہنماؤں نے ملاقات کی ۔تاجروں کی تجاویزاورچیئرمین بلاول کی ہدایت پر سندھ حکومت نے تاجروں اور صنعت کاروں کو درپیش مسائل کے ازالے کے لیے بزنس لائزن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔اس موقع پر زبیر موتی والا، محمد علی ٹبہ، فواد انور، جاوید بلوانی، ادریس میمن، زبیر چھایا، مسعود نقی، ذکی بشیر، زید بشیر ودیگر تاجر رہنما جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وقار مہدی، ناصر شاہ، سعید غنی، اختیار بیگ، علی راشد و دیگر ملاقات میں موجود تھے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری کی ہدایت پر بزنس لائزن کمیٹی اور اس کی ذیلی کمیٹیاں لائحہ عمل اور اصول و ضوابط کے ساتھ تاجر برادری کے مسائل کو حل کریں گی۔ علاوہ ازیں ملاقات میںبلاول زرداری اور سندھ حکومت کی جانب سے کوآپریٹو مارکیٹ اور وکٹوریہ مارکیٹ کے متاثرین کا ازالہ کیا جانے پر تاجر برادری نے اظہار تشکرکیا ہے۔پی پی چیئرمین کو تاجر برادری نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت تعاون کرے تو ملکی برآمدات میں کراچی کا حصہ 50 فیصد سے بڑھا کردگنا کرسکتے ہیں۔بلاول نے کہاکہ تاجر برادری آگے آئے اور سندھ باالخصوص کراچی کے حوالے سے صوبائی حکومت کے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں میں اپنا حصہ ڈالے حکومت بھرپورتعاون کرے گی۔