سکھر (نمائندہ جسارت) تھانہ ہنگورجہ کی حدود میں گزشتہ روز مبینہ قتل کی جانے والی لیڈی انسپکٹر زلیخاں انصاری کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں میں ادا کردی گئی۔نماز جنازہ میں پولیس کے سینئر پولیس افسران سمیت ڈی آئی جی پی آفس سکھر کے ایس پی لیگل فدا حسین سولنگی نے شرکت کی، ان کے ہمراہ پی ایس اشفاق لغاری، ڈی آئی جی آفس سکھر کے افسران و اسٹاف سمیت مرحومہ کے اہل خانہ، اہلیان علاقہ وپولیس افسران وجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایس پی لیگل فدا حسین سولنگی نے مرحومہ کے ورثاء سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ لیڈی انسپکٹر کے لواحقین کو محکمہ پولیس سندھ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے اس موقع پر محکمہ پولیس سندھ کی جانب سے ورثاء کے لیے محکمہ پولیس سندھ کی جانب سے تمام مراعات کا اعلان کیا اور اس حوالے سے تمام ضروری قانونی اُمور کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے ضمن میں موقع پر موجود پولیس افسران کو خصوصی احکامات دیے۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر ایس پی لیگل نے ڈی آئی جی سکھر کی طرف سے مرحومہ کے ورثاء کو 50 ہزار روپے تدفین کے لیے موقع پر ادا کیے اور مرحومہ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو کسی بھی لمحے تنہا محسوس نہ کریں محکمہ پولیس ان کے ساتھ اور ان کے ممکنہ مسائل ومشکلات کے ازالے کے لیے پیش پیش ہے۔