راولپنڈی (صباح نیوز) سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان بہت بڑا لیڈر بن گئے ہیں اور وہ جلد لانگ مارچ کی کال دے گا‘ کل پکڑنا ہے تو آج پکڑ لیں ہم تیار ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ پر آج بھی منشیات فروشی کا کیس ہے‘ ملک تشویش ناک حالت میں جانے دیا جا رہا ہے اور میں آج بھی کہہ رہا ہوں کہ ہمیں الیکشن کی تاریخ چاہیے‘ عمران خان کو نکالنے کے نتائج مختلف آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھمکیاں دے رہے ہیں کہ گھروں سے پکڑیں گے‘2 ووٹوں کا فرق ہے اور یہ 2 ووٹ چودھری سالک اور بشیر چیمہ کے ہیں‘ رانا ثنا اللہ ملک میں تشویشناک صورتحال پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہنگامہ آرائی ہو گی اور رانا ثنا اللہ معاملات خراب کرے گا‘ ہمارے اراکین کو جلد عدالتوں میں پیش کریں‘ وہ ہمیں کہہ رہے ہیں گھروں سے نکال کے ماریں گے تو ابھی وہ حالات نہیں آئے ہیں یہ منہ اور مسور کی دال۔