آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہی بحران کا حل ہے ، حمزہ شہباز

248
فیصل آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور عمران خان کا مقابلہ سیاست اور شرافت سے کریں گے‘ ہم عمران نیازی کو بے نقاب کریں گے‘ گورنر پنجاب غیر آئین حرکتوں میں مصروف ہیں‘عمران نیازی ملک میں خانہ جنگی چاہتے‘ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں کرپشن کے ساتھ ساتھ عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس کر رکھ دیا‘ چینی، گھی، آٹا اور دیگر اشیا کو عوام کی پہنچ سے دور رکھا‘ ان شاء اللہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سابق ایم این اے چودھری شیر علی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اور ان کے ساتھیوں نے ملکی خزانہ کو نقصان پہنچایا ہے‘ ان کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا‘عمران نیازی اور ان کے ساتھ ملک میںانتشار پھیلانے اور انقلاب کی باتیں کر رہے ہیں مگر انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ عوام میں شعورآ چکا ہے اور وہ اب ان کی باتوں پر کان نہیں دھرے گے۔ علاوہ ازیںوزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبے کی ترقی کے لیے مل جل کر چلنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے بھرپور تعاون کرنے پر پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آئینی اور جمہوری اقدار کو مفاہمت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا، پنجاب کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو چکا ہے جہاں سے 4 سال پہلے منقطع ہوا تھا۔