لانگ مارچ خونی ہوگا اس بیان کو واپس نا لیا تو گھر سے باہر نہیں نکلنے دونگا ، رانا ثناء اللہ

303

لاہور:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید کہتے ہیں لانگ مارچ خونی ہوگا، اگر بیان واپس نہیں لیا تو شیخ رشید کو گھر سے نکلنے نہیں دوں گا، کچھ نہ ملا تو میرے خلاف منشیات کا جھوٹا کیس کردیا، عمران خان کو بتانا ہوگا کہاں بیٹھ کر منصوبہ بندی کی گئی۔

انسداد منشیات عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شیخ رشید کہتے ہیں لانگ مارچ خونی ہوگا، اگر بیان واپس نہیں لیا تو شیخ رشید کو گھر سے نکلنے نہیں دوں گا، یہ لوگوں کو اکسانے کے بجائے خود کو آگ لگائیں، یہ لوگ اسی طرح انارکی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو کریں گے اس کا سامنا آپ لوگوں کو بھی کرنا پڑے گا، آپ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں، آپ مجھے ابھی جانتے نہیں ہیں،سابق وزیراعظم اپنے کارکنوں کو بدتمیزی پر اکساتے ہیں، ان کو جوتے پڑیں گے تو یہ ٹھیک ہو جائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ کہیں کسی کے ساتھ بد تمیزی ہوئی تو دوسرے کارکن بھی یہی کریں گے، پنڈی کا شیطان کہتا تھا جیل میرا سسرال ہے اور میرے خلاف کرپشن کیسز کیلئے تمام اداروں کو لگائے رکھا ہے، کچھ نہ ملا تو میرے خلاف منشیات کا جھوٹا کیس کردیا، عمران خان کو بتانا ہوگا کہاں بیٹھ کر منصوبہ بندی کی گئی، منشیات کیس میں2ملزم ہیں، ایک عمران خان دوسرے کا نام شہزاد اکبر ہے، عمران خان کو جھوٹے مقدمات بنانے پر شرم آنی چاہئے، دو ڈھائی سال سے منشیات کیس میں تاریخ بھگتنے کیلئے آ رہا ہوں، عمران خان مخالفین پر جھوٹے کیس بنانے میں لگے رہے۔

انہوں نے کہا کہ الزامات پر انکوائری ہورہی ہے اس کے بعد کارروائی کی جائے گی، ہم عدالتوں کا احترام کررہے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عدالتوں نے جھوٹے کیسز میں ہمیں ضمانتیں دیں، عمران خان نے اپوزیشن پر جھوٹے کیسز بنائے، عمران خان نے عوامی فلاح کا کوئی کام نہیں کیا اور عثمان بزدار کو رکھا ہی فرح گوگی کیلئے تھا۔

انہوں نے کہا کہ فرح خان نے اربوں روپے باہر بھیجے، عمران خان نے ایمنسٹی سکیم فرح گوگی کیلئے نکالی جبکہ فرح خان کے خلاف الزامات کی سیریز ہے۔