سینئر صحافی خالد حمید فاروقی انتقال کر گئے، وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس

641

اسلام آباد، برسلز:بیلجیئم میں سینئر صحافی خالد حمید فاروقی گزشتہ روز اچانک حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے،وزیراعظم شہباز شریف اور صحافتی برادری نے اظہار افسوس کیا ہے ۔

مرحوم خالد حمید فاروقی کی اہلیہ کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات 9بجے ان کے گھر آکر پولیس نے انہیں شوہر کی موت سے مطلع کیا،مقامی پولیس کے مطابق خالد حمید فاروقی لندن سے بس کے ذریعے واپسی پر برسلز پہنچے تو ہارٹ اٹیک ہوا جو جان لیوا ثابت ہوا اور اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

خالد حمید فاروقی ایک کہنہ مشق اور اپنے کام سے عشق کرنے والے صحافی تھے،خالد حمیدفاروقی کا تعلق کراچی سے تھا ،عالمی امور پر رپورٹنگ کے لیے شہرت رکھنے والے خالد حمید فاروقی طویل عرصے سے یورپ میں مقیم تھے۔

حال ہی میں فرانس کے صدارتی الیکشنز اور حالیہ روس یوکرین جنگ کے دوران بھی انہوں نے یوکرین کے اندر تک جا کر رپورٹنگ کی ۔خالد حمید فاروقی اپنے خیالات پر سختی سے قائم رہتے ہوئے دوسروں کے خیالات کا بھی احترام کرنے والے انسان تھے، اسی لیے وہ ہر طرح اور اپنے سے مختلف سوچ رکھنے والے تمام طبقات میں یکساں مقبول تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی خالد حمید فاروقی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ خالد حمید فاروقی ایک کہنہ مشق اور اپنے پیشے سے عشق کرنے والے صحافی تھے،خالد حمید فاروقی کی وفات صحافت کے شعبے کا بڑا نقصان ہے،ان کی صحافتی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے آمین،اس کے علاوہ صحافتی برادری نے بھی خالد حمید فاروقی کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے ۔