راولپنڈی بینچ نے سانحہ مری کیس کا فیصلہ موخر کردیا

160

راولپنڈی (آن لائن) عدالت عالیہ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے سانحہ مری کیس کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے جھیگا گلی پارکنگ پلازہ اور جنگلات کی زمینوں پر بننے والی عمارتوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے اور سی این ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو ہدایت کی کہ جھیکا گلی پارکنگ پلازہ کا تمام ریکارڈ اور تفصیلی رپورٹ آج عدالت میں پیش کی جائے۔ عدالت نے محکمہ جنگلات پنجاب کو بھی حکم دیا کہ جنگلات کی زمینوں پر بننے والی عمارتوں کا ریکارڈکی بھی مکمل رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔ کیس کی مزید سماعت آج ہوگی۔ گزشتہ روز دوران سماعت پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فرحت مجید چودھری اور درخواست گزاروں کے وکیل کے علاوہ ڈائریکٹر ماحولیات پنجاب، سی ای او میونسپل کارپوریشن مری، میونسپل پلاننگ افسر مری اور ریسکیو 1122 کے نمائندگان عدالت میں موجود تھے۔ عدالت نے سانحہ مری کیس کے فیصلے کے لیے 6مئی تاریخ مقرر کی تھی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سانحہ مری کیس کا فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا اور عدالت سانحہ مری میں غفلت برتنے والے محکموں کے خلاف انکوائری کا حکم دے گی۔