سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی گورنر پنجاب کے بیان کی مذمت

188

اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے بیان کی مذمت کی ہے۔ جمعہ کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا بیان قابل مذمت ہے،لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس جواد حسن ایماندار، قابل اور آزاد جج ہیں، جسٹس جواد حسن اعلیٰ عدلیہ کا اثاثہ ہیں، وکلا برادری جسٹس جواد حسن کیساتھ کھڑی ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ مسلسل آئین پاکستان کی تضحیک کر رہے ہیں، گورنر پنجاب کس کی ایما پر آئین سے انحراف کر رہے ہیں،گورنر پنجاب کے اقدامات کا مقصد پنجاب میں لاقانونیت کو فروغ دینا ہے،کسی کو عدلیہ کیخلاف توہینِ آمیز مہم چلانے کی اجازت نہیں دیں گے،سیاسی مقاصد کیلئے عدلیہ کیخلاف تضحیک آمیز مہم بند نہ کی گئی تو ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔