بد انتظامی کی وجہ سےکھاد کا بحران پیدا کیا گیا،  شہباز شریف

433
Fertilizer crisis

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے  کہا ہے کہ گندم کی کاشت کے دنوں میں مجرمانہ غفلت، بد انتظامی  اور لاپرواہی کی وجہ  سے کھاد کا بحران پیدا کیا گیا جسکی بدولت کسانوں اور ملک کو نقصان پہنچا ہے۔

وزیر اعظم کی زیرِ صدارت ملک میں گندم کی پیداوار، موجودہ ذخائر اور صوبائی و قومی سطح پر کھپت کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس. منعقد ہوا ۔ اجلاس کو ملک میں گندم کی اس سال پیداوار کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

 وزیرِ اعظم کا کہنا تھاکہ گندم کی کاشت کے دنوں میں مجرمانہ غفلت، بد انتظامی  اور لاپرواہی کی وجہ کھاد کا بحران پیدا کیا گیا جسکی بدولت کسانوں اور ملک کو نقصان پہنچا۔  سائیلوز کی تعمیر سے چوری اور کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔  پاکستان ایک زرعی ملک ہے، غلط فیصلوں اور بر وقت حکمتِ عملی نہ ہونے کی وجہ سے ہم گندم کی ملکی ضروریات پوری کرنے کی بجائے گندم کی درآمد کرنے والا ملک بنا دیئے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ گندم کی سپورٹ پرائس کے دیر سے اعلان سے نہ صرف کسانوں کی کاشت میں کمی پیدا ہوئی بلکہ اس کا فائدہ براہ راست ذخیرہ اندوزوں کو پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ وزیرِ اعظم نے پنجاب حکومت کو اپنا خریداری کا ہدف بڑھانے کی ہدایات جاری کیں اور فوڈ سیکورٹی ڈویڑن کو شارٹ فال کو پورا کرنے کیلئے ضرورت پڑنے پر بر وقت گندم درآمد کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان کو بہتر حکمتِ عملی سے گندم کی پیداوار میں خود کفیل ملک بنائیں گے۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، فوڈ سیکیورٹی، پاسکو اور متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کی شرکت. چیف سیکٹری پنجاب اور صوبائی عہدیداران  نے  وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔