سکھر: چاند رات پر ڈاکو جیولرز کی دُکان سے تجوری لے کر فرار

258

سکھر(نمائندہ جسارت)گھوٹکی میں چاند رات پر ڈاکوؤں کی کارروائی، تاجر راج کمار کی دکان خالصہ جیولرز سے چوکیدار کو یرغمال بنا کر چوری کی انوکھی واردات جس میں چور دکان سے تجوری ہی لے کر فرار ہوگئے جس میں لاکھوں روپے مالیت کا سونا موجود تھا کی افسوسناک واردارت پر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سینئر نائب صدر، آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر، سکھر اسمال ٹریڈرز و صرافہ ایسوسی ایشن سکھر کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے گھوٹکی پہنچ کر متاثرہ دکاندار اور ایس ایس پی گھوٹکی اظہر خان سے ملاقات کی اور واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے چوری کی جلد برآمدگی اور ملزمان کو گرفتار کر کے تاجروں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر محمد جاوید شیخ، محمد عامر مغل، حاجی انور گھوٹو، چندر لال، ہیمن داس، حاجی اللہ وسایواور دیگر تاجر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایس ایس پی سے ملاقات اور متاثرہ دکان کے دورہ کے بعد تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن کا کہنا تھا کہ گھوٹکی میں عید سے ایک دن قبل انوکھی واردات سے تاجر برادری میں شدید بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے، تاجر، دکاندار، شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہوچکے ہیں، تاجر برادری کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے پولیس کی ذمہ داری ہے جسے وہ ہر حال میں پورا کریں۔ انہوں نے حکومت ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی گھوٹکی سے پر زور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر گھوٹکی میں راج کمار کی دکان سے ہونے والی انوکھی واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں اور ہونے والی چوری کی برآمدگی کرواکر تاجروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے بصورت دیگر تاجر برادری شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی جس کی تمام ذمہ داری پولیس انتظامیہ پر عائد ہوگی۔