لاہور( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے عیدالفطر کے ا س خو شی کے موقع پراپنے پیغام میں عالم اسلام اور تمام پاکستانیوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں جس کے فضل اور کرم سے ہمیں ماہ رمضان جیسی عظیم نعمت ملی اور ہم نے رمضان المبارک کے روزے رکھے، ماہ رمضان رحمت کا،مغفرت کا اور جہنم کی آگ سے نجات کا ذریعہ ہے میری دعا ہے کہ اللہ تبارک تعالیٰ اس مبارک مہینے میں کی جانے والی ہماری عبادات ،دعائیں ،ذکر ،تلاوت،نمازیں، ا یثار اور قربانی اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔یہ شاید ہماری زندگی میں پہلی عید الفطر ہے جس میں ہمیں بہت الگ صورتحال کا سامنا ہے اور ہر گزرتے دن کیساتھ ہماری تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے ۔نفرت اور دشمنی کے الزامات والی شدید تقسیم اور پولرائزڈ سیاسی ماحول میں، تمام سیاسی لیڈرز کو سیاسی ماحول کی تنزلی پر حقیقی معنوں میں فکر مند اور پریشان ہونا چاہیے کیونکہ دن بدن ملک شدید پولرائزیشن کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کو سنجیدگی کا راستہ اپنانا چاہیے۔ سیاست میں گالم گلوچ اور تشدد کے کلچر کو ختم کرنا ہو گا۔ میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈرز ،ورکرز اور سپورٹرز سے اپیل کرتا ہوں کہ عید کے اس پر مسرت موقع پر آئیے نفرت ، عدم برداشت ، بد تہذیبی اور الزامات کی سیاست سے ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہیں، یہی ہمارے نبی ؐ کی سنت ہے اور اسی میں برکت اور عزت ہے۔کیونکہ غصے، الزامات اور بد نیتی سے ہم نہ تو محفوظ منزل تک پہنچ سکتے ہیں اور نہ ہی ایک عظیم قوم بن سکتے ہیں۔ہمیں یقین ہے کہ ہم ایک دوسرے کے لیے امن اور خیر سگالی کے ساتھ اکٹھے ہو سکتے ہیں۔ ہم اس ملک کی تیزی سے اصلاح کرنے کے متعدد طریقوں اور اس کے امن اور ترقی کے لیے اجتماعی طور پر کوشش کرنے والے مختلف راستوں کے قائل ہیں۔ہم آئین پر عمل درآمد کے ذریعے جمہوریت کو مضبوط کر سکتے ہیں اگر لیڈر ز اخلاقی اقدار ، اور ایک دوسرے کی عزت کا خیال نہیں رکھیں گے تو ان کو پسند کرنے والے افراد ایک دوسرے کا گریبان چاک کر رہے ہوںگے، ہم سمجھتے ہیں کہ مسلسل اختلاف اور آئین پر اس کی رو کے مطابق عمل نہ ہونا ناقابل تلافی حالات کا باعث بن سکتا ہے۔ میری سیاسی لیڈرز اور قوم سے امن، سنجیدگی اور مکالمے کی اپیل ہے ۔تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل قومی سطح کا ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ واحد راستہ جو پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جا سکتا ہے۔وہ اللہ تعالیٰ کا نظام ہے جو ہمیں ایک دوسرے کی عزت کا ، پیار ،محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔آئیے اس عید کے خوشی کے موقع پرتمام تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھیں اور رمضان المبارک سے ہم نے صبر ،تحمل، استقامت اور بردباری کاجو درس لیا ہے اس پر عملی طور پر کاربند رہنے کا عزم کریں ۔جماعت اسلامی کے کارکنان مفادات کی لڑائی سے دور رہتے ہوئے عوام کی خدمت جاری رکھنے اور اس انتشار کے ماحول میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی کوشش کریں۔