توہین مسجد نبوی کا معاملہ، شیخ رشید کے بھتیجے کے ریمانڈ میں توسیع

247

اٹک (صباح نیوز+آن لائن) مسجد نبوی ؐ میں توہین آمیز نعرے بازی کے معاملے پرعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد کو ایک بار پھر مقامی عدالت میں پیش کردیا گیا، عدالت نے ملزم کے ریمانڈ میں مزید توسیع کردی۔پیر کی صبح شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد کواٹک کی عدالت میں پیشی کے موقع پرعدالت کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔کچہری کے اندر کسی بھی شخص کو جانے کی اجازت نہیں تھی،راشد شفیق کوڈیوٹی جج کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پولیس کی جانب سے ملزم کا مزید7یوم کا جسمانی ریمانڈ طلب کیا گیا۔کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے ملزم راشد شفیق کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر اٹک پولیس کے حوالے کردیا۔واضح رہے کہ راشد شفیق کو گزشتہ روز سعودی عرب سے واپسی پر اسلام آباد ائرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا ۔دوسری جانب سجادہ نشین دربارِ عالیہ فیض اللہ اٹک صدرڈاکٹر ضیا الرحمن نورانی نے مدینہ منورہ میں ہونے والی گستاخانہ حرکت کے خلاف ماڈل پولیس اسٹیشن اٹک سٹی میں ایک درخواست برائے اندراجِ مقدمہ دی ہے جس میں عمران خان نیازی، فواد احمد چودھری، شیخ رشید احمد، شہباز گل، قاسم سوری، شیخ راشد شفیق، ذوالفقار بخاری(زلفی بخاری)، صاحبزادہ جہانگیر عرف چیکو، انیل مسرت، نبیل مسرت، عمیر الیاس، رانا عبدالستار، بیرسٹر عامر الیاس، گوہر جیلانی اور تقریباً150 نامعلوم افراد کو ملزم نامزد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے دفتر میں دوستوں کے ساتھ موجود تھے۔ ایک سیاسی جماعت نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے اسلامی شعائر کی دانستہ بے حرمتی کی۔ اور توہین آمیز نعرے اور گالیاں بکتے ہوئے زائرین جن میں پاکستانی عمائدین بھی موجود تھے کو ہراساں کر کے شعائرِ اسلام کی انجام دہی سے زبردستی روکا گیا۔ لہٰذا تمام ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 295،109، 295 A اور 296 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ اٹک پولیس نے درخواست پر قانونی کارروائی کا آغازکر دیا ہے۔