حمزہ شہباز کی زیر صدارت اجلاس ،پنجاب میں امن و امان و ڈیزل کی قلت کا نوٹس

384

لاہور(خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بعض شہروں میں ڈیزل کی قلت کا نوٹس لے لیا۔ انہوں نے ڈیزل کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دے دیا۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ڈیزل کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن انتظامی اقدامات کیے جائیں‘ انتظامیہ اپنے اضلاع میں پیٹرول پمپس کو باقاعدگی سے چیک کرے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ کاشتکار میرے بھائی ہیں، ان کے مسائل کا پورا احساس ہے‘ ڈیزل کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت سے بھی فوری رابطہ کیا جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے تعطیل کے باوجود پہلا مصروف ترین دن گزارا‘ ایوان وزیراعلیٰ میں مختلف اجلاس کی صدارت کی اور امن عامہ، مہنگائی اور ڈیزل کی قلت کو دور کرنے کی ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال اور چینی باشندوں کی سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے گئے انتظامات پر بھی غور کیا گیا جبکہ انسپکٹر جنرل آف پولیس اور متعلقہ حکام نے انتظامات کے بارے میںبریفنگ دی۔اس موقع پر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے‘ عوامی نمائندے اپنے اضلاع میں امن عامہ کی بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔