کراچی(نمائندہ جسارت)پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کہا ہے کہ جب تک مزدوروں کے حالات نہیں بدلیں گے، ملک میں پائیدار ترقی کا خواب نامکمل رہے گا۔ پارٹی چیئر مین نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقعے پر تمام محنت کش طبقات کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک میں محنت کشوں کے حقوق تسلیم کرنے اور وسعت دینے کے لیے کوشان رہے گی۔ 1973ع کا آئین محنت کشوں کو منصفانہ اجرت، ان کی جانوں کی حفاظت اور روزگار دینے والوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ سلیکٹڈ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں سے قومی معیشت کی سانسیں ا کھڑ چکیں اور غریبوں کا جینا محال ہو گیا۔