کچھ دنوں کی بات ہے ، پھر خبرکچھ اور ہوگی ، پرویز الٰہی

165

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ کچھ دنوں کی بات ہے پھر خبر کچھ اور ہوگی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں آئینی بحران آ چکا ہے جہاں ووٹ کاسٹ کرنے تھے وہاں پولیس آ گئی‘ پولیس ہاؤس کے اندر جوتے پہن کر داخل ہوئی یہ ایوان ہمارے لیے مقدس ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما پرویز الٰہی نے لاہور ہائی کورٹ کا حمزہ شہباز کی حلف برداری سے متعلق فیصلہ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا‘ اور کہا کہ صدر اور گورنر کو بائی پاس نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ والے اٹھائیس دن انتظار کرلیتے تو آئینی بحران پیدا نہ ہوتا‘ الیکشن متنازع نہیں بلکہ الیکشن ہوا ہی کہاں ہے اسمبلی کی کارروائی کو روکا گیا تھا‘ وزیر اعلیٰ کا امیدوار تو میں تھا‘ حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ نہیں ہے‘ گورنر وفاق کا نمائندہ ہے ان کے ساتھ جو کچھ کیاگیا صدر اس پرخاموش نہیں رہیں گے‘ رات کو چیف سیکرٹری اور آئی جی نے گورنر ہائوس پر قبضہ کیا اس معاملے کو میں خود دیکھوں گا۔