کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہاہے کہ عمران خان غیر ملکی فنڈنگ کیس میں عدالت کے فیصلے سے بچنے کے لیے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، یہ ایک ناکام سیاستدان کی طرح خوف اور مایوسی کی واضح علامت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دعوے کے مطابق 10 کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کہاں ہیں؟ یہ ستم ظریفی تھی کہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ آلو اور ٹماٹر کو جاننے یا کنٹرول کرنے والے وزیراعظم نہیں ہیں۔ عمران خان نے اپنے ساڑھے 3 سالہ دور حکومت میں ملکی معیشت کو تباہ کر دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی مسجد نبوی میں خواتین کو نشانہ بنا رہی تھی، مسجد نبوی میں میری بہن مریم اورنگزیب کو گالیاں دی گئیں ،مسجد نبوی میں خاتون کو گالی دینا انتہائی قابل مذمت ہے۔