کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کے ایچ اے رمضان فیسٹول فائیو اے سائیڈ چمپئنز ہاکی لیگ کا فائنل حنیف خان الیون اور یوتھ ایچ سی بلو کے درمیان کھیلا گیا، دونوں ٹیموں نے کھیل کے آغاز سے ہی ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کی۔ پہلے کواٹر میں ایک گول کے خسارے میں جانے کے باوجود حنیف خان الیون نے شاندار کم بیک کیا جس کے باعث پہلے ہاف کے اختتام پر حنیف خان الیون کو 2-4 گول کی برتری حاصل تھی کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے تحت کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے فائنل کے دوسرے ہاف میں یوتھ بلو نے فاتح ٹیم کا بھر پور مقابلہ کیا۔ ہر لمحے بدلتے میچ کا آخری کواٹر انتہائی دلچسپ رہا ایک موقع پر مقابلہ 5-5 گول سے برابر تھا تاہم حنیف خان الیون نے کھیل کے آخری منٹ میں چھٹا گول کرکے فائنل 5-6 سے جیت لیا، فاتح ٹیم کے عدیل حسین ،اولمپئن حسیم خان ، عاصم خان، رضوان خان اور واصف رضا نے گول کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا، یوتھ بلو ایچ سی کے نعمان خان کی ہیٹ ٹرک بھی ان کے ٹیم کو جیت نہ دلا سکی ۔انہوں نے لگاتار تین تیز ترین گول کیے، دیگر فارورڈ میں فہیم خان 8ویں منٹ اور علی آفریدی نے 15 ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کرنے کی بھر پور کوشش کی ہے، فائنل کے اختتام پر مہمان خصوصی جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور اولمپیئن حنیف خان، چیئرمین کے ایچ اے گلفراز خان، پی ایچ ایف کے کوآرڈینیٹر و سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین، سینر نائب صدر ڈاکٹر ایس، ممبران ایگزیکٹو بورڈ کے ایچ اے ابوذر امراؤ، ماجد، مصطفی جمیل، عرفان طاہر، محسن علی خان اور فیصل اسمعیل، سوئی سدرن گیس کے سابق جنرل منیجر زبیر احمد سمیت دیگر کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔