حمزہ شہباز کا حلف ، صدر مملکت کا معاملے پر قانون کے مطابق عملدرآمد کا حکم

555
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نیشنل اسکلز یونیورسٹی کی سینیٹ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز) نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے حلف کے معاملے پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو قانون کے مطابق عمل کا حکم دے دیا ہے۔صدر پاکستان نے گورنر پنجاب کو خط لکھا جس میں عارف علوی نے عمر سرفراز چیمہ کو لاہور ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں قانون کے مطابق عمل کرنے کا کہا، صدر پاکستان نے گورنر پنجاب کو لاہور ہائیکورٹ کا حکم 27اپریل بھی ارسال کیا۔ گورنر پنجاب نے صدر پاکستان کے خط کا جواب دے دیا، صدر مملکت کے خط کے بعد آئینی ماہرین سے مشاورت کی، گورنر نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے راستے میں حائل آئینی نقاط کی تشریح کے لیے صدر پاکستان سے راہنمائی مانگ لی ۔ گورنر پنجاب نے اپنے خط میں لاہور ہائیکورٹ کے دو متضاد احکامات کا حوالہ دیا ہے، گورنر نے 22 اپریل اور 27 اپریل کے دو حکم ناموں کے حوالے سے آئین کی روح سے رہنمائی طلب کر لی۔ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر کو خط لکھ دیا ہے، حلف کب ہوگا یہ تو صدر کی ہدایات پر منحصر ہے، عدالت کے ایک فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 104 کا حوالہ ہے، ایک فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 255 کا حوالہ ہے، اب صدر کے جواب پر منحصر ہے کہ کب حلف ہوگا۔