حنا ربانی کھر سے پولینڈ ،ایران، کیوبا اور سویڈن کے سفیر وں کی ملاقات

164

اسلام آباد (اے پی پی)وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے پاکستان میں پولینڈ کے سفیر میکیج پسارسکی اور سویڈن کے سفیر ہنرک پرسن نے جمعرات کو یہاں وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات میں یوکرین کے لیے بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان تمام شورش زدہ علاقوں میں شہریوں کو انسانی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے،اس ضمن میں ہم نے گزشتہ ماہ ہنگامی طور پر امدادی سامان کے 2 طیارے روانہ کیے ہیں۔ علاوہ ازیںوزیر مملکت نے پاکستان میں ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کے ساتھ وزارت خارجہ میں ملاقات کے دوران کہا کہپاکستان جموں و کشمیر کے معاملے پر ایران کی مسلسل حمایت کو سراہتا ہے۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق مختلف پہلوئوں پر غور و خوض کیا گیا۔ مزید برآں وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر سے پاکستان میں کیوبا کے سفیر زینر کارو نے جمعرات کو یہاں وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے پاکستان اور کیوبا کے مابین دو طرفہ تعلقات کو سراہتے ہوئے انہیں مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔