پاکستان کے دوستوں کی محفل پھر آباد ہونے جارہی ہے، مریم اورنگزیب

136

 

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 4سال کے دورگھبراہٹ کے بعد پاکستان کے دوستوں کی محفل پھر سے آباد ہونے جارہی ہے، استحکام، ترقی اور خوش حالی کی منزل کا پھر سے آغاز مبارک ہو، سعودی عرب پاکستان دوستی ہمیشہ زندہ باد۔ اینکر پرسن کی گرفتاری سے متعلق قیاس آرائی شرانگیز پروپیگنڈا مہم کاحصہ ہے، شک کی بنیاد پر پٹیشن دائر کرنے والوں کو ثبوت دینے چاہییے تھے، 4 سال چینل، کالم ، پروگرام بند کرنے اور صحافیوں کی پسلیاں توڑنے والے آئینہ دیکھیں، یہ عمران صاحب کی فسطائی حکومت نہیں جس میں صحافیوں کو ٹارگٹ کیا جائے۔ گزشتہ روز ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے محسن اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی خصوصی دعوت پر شہبازشریف کادورہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ، پرجوش اور باہمی اعتماد پر مبنی تاریخی تعلقات کی تجدید کا مظہر ہے اور مثالی دوستی کا ایک نیا تاریخی باب کھولے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ٹاگٹ مہنگائی، بے روزگاری کا خاتمہ اور معیشت کی بحالی وترقی ہے ۔ جمہوری حکومت عوام کی خدمت کیلیے آئی ہے، انتقام لینے کیلیے نہیں۔