سکھر ،المصطفیٰ ویلفیئر نے 500 راشن کے تھیلے تقسیم کیے

340

 

سکھر( نمائندہ جسارت) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے بانی سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیر حاجی حنیف طیب(ستارہ امتیاز) نے کہا ہے کہ المصطفیٰ کی طرف سے سکھر اور گرد ونواح کے مستحقین میں 500 سے زائد راشن کے تھیلے تقسیم کرنے کا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ المصطفیٰ مرکز کراچی، المصطفیٰ سندھ کمیٹی اور المصطفیٰ سکھر کے باہمی اشتراک سے سماجی خدمات کا سلسلہ جاری ہے، غربت سے پریشان ضرورت مندوں کی مددکرنا ہمارا اسلامی قومی اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی سے پان منڈی گھنٹہ گھر سکھر میں راشن کی تقسیم کیلئے مصروف عمل عہدیداروں اور رضاکاروں سے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر المصطفیٰ سندھ کمیٹی کے ممبران غیاث الدین قادری، فاروق اختر خان، پیر عطا الرحمن، تابش خان، شکیل صدیقی، ثاقب عزیز، ناصر خان، حارث اختر، فرحان غوری، انعام روفی، عارف قادری اور دیگر بھی موجود تھے۔ حاجی حنیف طیب کا کہنا تھا کہ سکھر میں المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی گزشتہ کئی برسوں سے سماجی فلاحی خدمات انجام دے رہی ہے سندھ کمیٹی کے ممبران اور سکھر کے عہدیداران کی انتھک کوشش محنت اور جدوجہد سے سماجی کاموں میں بہتری اور تیزی قابل تعریف ہے انہوں نے کہا کہ مستحقین کی عزت نفس مجروح کئے بغیر دہلیز تک راشن پہنچانا رمضان اور شدید گرمی میں ایک نیکی و بھلائی کا کام ہے جس کا اجر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ سے ضرور ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر میں المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی جلد ہی سماجی خدمات کے دائرے کو مزید وسیع کرے گی۔