حلف میں عمران خان رکاوٹ ہیں،صدر اور گورنر ہوش کے ناخن لیں،حمزہ شہباز

143

لاہور(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے حلف برداری معاملے میں عمران خان کو رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی مجرم ہے۔ وہ ترغیب دے رہا ہے کہ اداروں پرچڑھ دوڑو۔ گورنرپنجاب اورصدر تاریخ کوداغدار نہ کریں۔گورنر آئین کے تحت کام کریں عمران نیازی کی ذاتی غلامی نہ کریں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ صدرصاحب اورگورنر کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے۔ آئین سب سے بڑا ہے انا چھوٹی ہے۔ گورنرپنجاب اورصدرتاریخ کوداغدار نہ کریں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ میرے حلف نہ لینے کا ذمہ دارایک ہی شخص ہے جس نے آئین کوتوڑا ہے۔ وہ ترغیب دے رہا ہے کہ اداروں پرچڑھ دوڑو۔ عمران نیازی مجرم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 3 ہفتے سے ملک کے سب سے بڑے صوبے کا کوئی وزیراعلیٰ نہیں ہے۔دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستا ن مسلم لیگ (ن)کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ گورنر آئین کی تشریح اپنے تئیں کررہے تھے جس کو عدالت نے غلط قراردیا۔ گورنر آج یا اس سے پہلے حلف برداری کی تقریب کرائیں، گورنر پر لازم ہے کہ وہ آئین کی پاسداری کریں، وزیراعلیٰ کے انتخاب کے بعد حلف لینا لازم ہے۔ صدراور گورنر پنجاب نے آئین شکنی کی ہے،اب صدر یا گورنر کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا، وہ مزید آئین شکنی نہیں کر سکتے، گورنر پنجاب نے گورنر ہائوس کو سازشوں کا گڑھ بنارکھا ہے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو عہدے سے ہٹانے کی ایڈوائس بھیجی جا چکی، عزت سے گھرچلے جائو۔