وقت آیا تو وزیراعظم آرمی چیف تعینات کرینگے، خواجہ آصف

309

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جب وقت آئے گا وزیر اعظم شہباز شریف میرٹ کے مطابق آرمی چیف تعینات کریں گے،کوئی چیزوزیراعظم کواس سے روک نہیں سکتی، نئے آرمی چیف کی تعیناتی میں ابھی 7 ماہ ہیں ، عمران خان کا زوال ان کی اپنی حرکتوں کی وجہ سے ہوا ، فواد چودھری نے بالکل صحیح کہا ہے کہ ان کے تعلقات اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ خراب ہوئے،ہمیں امپورٹڈ حکومت کہنے والے نے اپنے بچے برطانیہ ایکسپورٹ کیے ہوئے ہیں۔ بدھ کونجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جب وقت آئے گا وزیراعظم شہبازشریف میرٹ کے مطابق آرمی چیف تعینات کریں گے، اگلے آرمی چیف کی تعیناتی نومبرمیں ہونی ہے ‘ جب وقت آئے گا وزیراعظم آئین میں دیے گئے اختیارات کواستعمال کریں گے۔ان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی ہرشخص کو متنازع بنادیتی ہے، عمران دورمیں ایک خاتون نے اربوں روپے بنائے اورآج وہ مفرورہے، عمران خان کا نام توشہ خانہ خان رکھ دیا گیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی بابریعقوب کو چیف الیکشن کمشنربنانا چاہتی تھی ہم نے مخالفت کی، بابریعقوب کا نام مسترد کیا تو پی ٹی آئی سکندرسلطان راجہ کا نام لے آئی، پی ٹی آئی نے یہ نہیں کہاکہ سکندرسلطان راجہ کا نام اسٹیبلشمنٹ نے دیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھاکہ موجودہ حکومت کو آرمی چیف اور دیگر تعیناتیوں کا کوئی حق نہیں۔