اسلام آباد:وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے جامعہ کراچی دھماکے کے مجرموں کو گرفتار کرنے اور عبرت کا نشان بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا پاکستان اپنے چینی بھائیوں سے بھرپور یک جہتی کرتا ہے، یہ ہمارا مشترکہ غم ہے۔
ان خیالات کااظہار رانا ثناء اللہ خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیاکہ پاک چین دوستی پر حملہ ہوا ہے، پوری قوت سے نمٹیں گے، متعلقہ حکام سے ملاقات کرکے حقائق معلوم کروں گا، دہشت گردی میں تحقیقات سے عظیم دوست چین کو مکمل طور پر آگاہ رکھیں گے۔
چینی باشندوں کی سکیورٹی کے تمام آپریٹس کا ازسرنو جائزہ لیں گے، سکیورٹی کے مکمل جائزے کے بعد موثر اقدامات کریں گے، باریک بینی سے ہر پہلو کی جانچ کریں گے۔
مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔