اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی ہٹلر کا شاگرد ہے اور ہٹلر کی سیاست کو پاکستان میں نافذ کرنا چاہتا ہے،وہ لوگ جو ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کے ذریعے عمران خان کو برسراقتدار لائے انہوں نے عمران نیازی کے ہاتھوں پاکستان کو تباہ وبرباد کیا۔
ان خیالات کااظہار احسن اقبال نے نارووال سپورٹس کمپلیکس ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چار سال میں ہر شعبہ کا ستیاناس اور بیڑہ غرق کیا اورآج اپنے چار سال کی تباہی کا ہم سے چاردنوں میں حساب مانگتے ہیں، سابقہ حکومت کے ترجمانوں کو کوئی شرم ہونی چاہئے، عمران خان کے بقول آج پاکستان کا وہ سفیر جس نے مراسلہ لکھا وہ جھوٹا، پاکستان کی وزارت خارجہ جھوٹی، پاکستان کی نیشنل سکیورٹی کمیٹی جھوٹی، پاکستان کی مسلح افواج جھوٹیں، پاکستان کی عقابی انٹیلیجنس ایجنسیز جن کی دنیا میں ہر چیز پر نظر ہے وہ جھوٹیں اور سچا کو ن ہے اکیلا عمران خان جو غیر ملکی تحفے ہیں اور توشہ خانہ کیس ہے اس میں بھی عمران نیازی بھاگتا اور منہ چھپاتا پھر رہا ہے، پاکستان کی تاریخ میں کوئی اتناہلکا اور چھوٹا وزیر اعظم نہیں آیا جس نے برادر ملکوں کے تحفوں کو بازاروں میں بیچا ہو اور جیبیں گرم کی ہوں۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی نے پونے چار سال ملک کے مضبوط ترین وزیر اعظم کے طور پر حکومت کی، تمام قومی ادارے ان کی پشت پر تھے اورتین صوبائی حکومتیں ان کی جیب میں تھیں، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ان کے لوگ براجمان تھے، سپیکر ، ڈپٹی سپیکر، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے عہدوں پر ، اسی طرح میڈیا کا گلہ گھونٹ کر خاموش کرادیا گیا تھا اسی طرح اپوزیشن کو جیلوں میں ڈلر کر بند کردیا گیا تھا، اتنے موافق حالات آج تک پاکستان کی تاریخ میں کسی آمر کو بھی میسر نہیں آئے جتنے عمران نیاز ی کو حکومت کرنے کے لئے ملے تھے۔
عمران نیاز ی نے پونے چارسالوں میں اپنی منفی سوچ کے نتیجہ میں ملک کی تباہی کردی، معیشت، خارجہ پالیسی اور پاکستان کی بین الاقوامی حیثیت کو تباہ کردیا، پاکستان کے معاشی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات سرد مہری اور کھچائو میں ڈال دیئے، چین کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات متاثر کئے،یورپین یونین کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات متاثر کئے، امریکہ کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات کو متاثر کیا اور امریکہ کے صدر کی فون کا ل کے لئے کشکول لے کر ایک فون کال کا سوال ہے بابا جس طرح عمران نیازی نے پاکستان کی بے عزتی کی ہے کسی نے آج تک ویسی بے عزتی نہیں کی، اسی طرح پاکستان کے خلیجی ممالک سے تعلقات کو بھی سردمہری میں دھکیل دیا، یہ کس کا ایجنڈا تھا، وہ لوگ جو ممنوعہ غیر ملکی فنڈنگ کے ذریعے عمران خان کو برسراقتدار لائی۔
انہوں نے عمران نیازی کے ہاتھوں پاکستان کو تباہ وبرباد کیا۔جو نالائقی عمران خان پاکستان کو دے کر گیا ہے اس نالائقی کو پاکستان سپیڈ سے بدلیں گے،اسلام آباد میں 16ارب روپے کا منصوبہ چار سال سے ضائع ہورہا تھا ، چار سال سے اسلام آباد میٹرو منصوبے کے اوپر گرد ڈل رہی تھی، اس کا انفرااسٹرکچر تباہ ہورہا تھا، عمران نیازی کو عوام کی فلاح کا کوئی خیال نہیں تھا، جب حکومت بدلی تو وہی منصوبہ جو چار سالوں میں نہ چل سکا وہ پانچ دنوں میں آپریشنل ہو گیا، صرف یہ ایک منصوبہ فرق کرنے کے لئے کافی ہے کہ نالائقی اور قابلیت میں کیا فرق ہوتا ہے۔