عمران خان نے بلاول اور زرداری سے این آر او مانگا،پیپلز پارٹی

254

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمائوں فیصل کریم کنڈی اورندیم افضل چن نے آئین سے غداری اور بغاوت کرنے پر عمران خان سمیت سابق کابینہ اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور واضح کیا ہے ملک میں آئندہ قومی انتخابات کم ا ز کم ڈیڑھ سال سے پہلے نہیں ہو ں گے۔ پیر کو پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد سے بچنے کے لیے عمران خان نے بلاول اور آصف زرداری سے ین آر او مانگا ،فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے سیاسی صورتحال کے جائزہ کے لئے کل بلاول ہاس کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے ۔اجلاس میں میاں نواز شریف سے ہونے والی ملاقات بارے بھی بریفنگ دی جائے گی۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے دوران عمران خان کے دوستوں نے رابطہ کیا اور کہا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم نہ بنائیں، پیپلز پارٹی نے ایبسلوٹلی ناٹ کہا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عدم اعتما دسے بچنے کے لیے بلاول اور آصف زرداری سے این آر او مانگتے رہے مگر انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کے لیے زبان دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا سوال ہے کہ خیبرپختونخوا ایم پی اے ہاسٹل سے قتل کا ملزم ایم پی اے فیصل زمان کیسے فرار ہوا، اس فرار کے ذمے دار وزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت ہے، وفاق حکومت اس مسئلے پر ایکشن لے۔