رامسوامی میں چھوٹے پلاٹ پربلند تعمیرات، سندھ ہائی کورٹ کا ایکشن

240

کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں کراچی کے علاقے رامسوامی میں 60 گز کے پلاٹ پر خطرناک تعمیرات کا انکشاف ہواہے۔ عدالت کو بتایا گیاہے کہ چھوٹے پلاٹ پر بڑی عمارت کی تعمیرات نے ہمسایوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا۔ عدالت نے غیرقانونی تعمیرات پرایس بی سی اے اور دیگرحکام پربرہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے ایس بی سی اے کو فوری کارروائی کا حکم دے دیا اور عمارت کا پانی،بجلی اور گیس کے کنکشنزمنقطع کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ بلڈنگ اپروو پلان کے بغیرتعمیرکومسمارکرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ واضح رہے کہ شہری محمد سلیم نے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ سرسوتی کمپائونڈ رامسوامی پلاٹ نمبر 5/7 پر غیر قانونی تعمیرات کی گئیں،درخواستیں دینے کے باوجود ایس بی سی اے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی نہیں کررہا ہے اورایس بی سی اے کوغیر قانونی تعمیر ہونے والی عمارت کو مسمار کرنے کا حکم دیا جائے۔