اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اٹک سیمنٹ پاکستان کے بعدازٹیکس منافع میں جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 23 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔کمپنی کی جانب سے پاکستان ا سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی بیان کے مطابق مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں کمپنی کو1.181 ارب روپے کابعدازٹیکس منافع حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 959 ملین روپے تھا۔مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں کمپنی کی فی حصص آمدنی 8.59 روپے ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6.98 روپے تھی۔ اعداد و شمارکے مطابق مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں کمپنی کو 329 ملین روپے کابعدازٹیکس منافع حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 21 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں کمپنی کو414 ملین روپے کابعدازٹیکس منافع حاصل ہواتھا۔