سانگھڑ( نمائندہ جسارت)کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی سے لاپتا ہونے والی 14 سالہ دعا زہرہ کاظمی کی تلاش میں پولیس نے سانگھڑ میں چھاپامار کر ایک بچی کو بازیاب کرایا تاہم بازیاب ہونے والی لڑکی کوئی اور نکلی،پولیس نے شرارت میں تاوان کی فون کالز کرنے والے بعض افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔دعا کو گھر سے غائب ہوئے 6 روز گزر چکے ہیں اور پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کے بعد جلد کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔دعا کی گمشدگی کے دوران اس کے اہل خانہ کو تاوان کی مختلف کالز موصول ہوئیں، پولیس کی جانب سے پیغامات بھیجنے والوں کو حراست میں لیا گیا تو انکشاف ہوا کہ ملزمان نے تاوان کیلیے میسج شرارت کی غرض سے کیے تھے۔دوسری جانب تفتیشی حکام نے ضلع سانگھڑ میں کراچی سے پہنچنے والی کم عمر لڑکی کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپے مارے، چھاپا مار کارروائی کے دوران ایک کم عمر لڑکی تو بازیاب ہوئی تاہم وہ دعا نہیں تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے امید ہے جلد کامیابی ملے گی۔