سرد خانے کا شکار نارووال اسپورٹس کمپلیکس مکمل کرنے کا فیصلہ

190

اسلام آباد(جسارت نیوز)مسلم لیگ( ن)کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد وزارت بین الصوبائی رابطہ امور نے نارووال میں سرد خانے کا شکار نارووال اسپورٹس کمپلیکس کو مکمل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔وفاقی وزیر ترقی احسن اقبال کے آبائی حلقہ انتخاب نارووال میں اسپورٹس کمپلیکس میں شروع کیا جانے والا میگا پروجکیٹ پی ٹی آئی کی حکومت کی غفلت لاپرواہی اور سیاسی مخالفت کی وجہ سے سفید ہاتھی بن گیا، جون 2017میں اسپورٹس کمپلیکس کے افتتاح کا حکومتی منصوبہ بھی دھرے کا دھر ا رہ گیا۔نومبر 2009میں کمپلیکس بنانے کی منظوری دیتے ہوئے ورک آڈر جاری کر کے منصوبے کے لیے 3ارب روپے کے فنڈز مختص کیے تھے ، جس میں سے متعدد اقساط کنٹریکٹر کو جاری کی گئیں، ن لیگ حکومت کی جانب سے ملک کے اسپورٹس بجٹ کا70فیصد حصہ نارو وال اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے جاری کیا گیا جو کل اسپورٹس بجٹ 630.8ملین میں سے 450ملین بنتا ہے۔حکومتی دستاویزات کے مطابق 2ارب 49کروڑ 87لاکھ خرچ ہو چکے ہیں۔