کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ریفرنس کی سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی۔ عدالت میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر پیش ہوئے جبکہ سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کے وکیل پیش نہیں ہوئے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بیرسٹر عمر سومرو عمرہ ادائیگی کے لیے گئے ہوئے ہیں پیش نہیں ہو سکتے۔ عدالت نے مزید کارروائی16 مئی تک ملتوی کردی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سماعت کے بعد احتساب عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمپنی عمران خان سے10 گنا بہتر چلے گی، حکومتی افسران نے کہا کہ نیب کی موجودگی میں کام نہیں کرسکتے، اب فیصلہ کرنا ہے، یا تو نیب چلائیں یا حکومت، حل یہی ہے کہ نیب ختم کریں، اپوزیشن کے کیسز ختم نا کریں، عدالتوں میں کیمرے لگا کر دیکھیں نیب کیا کررہا ہے، سیاستدانوں کے خلاف کیسز رہنے دیں تاکہ تاثر نا جائے کہ ہم نے اپنے کیسز کے لیے نیب ختم کی، نیب ختم ہونے سے سب سے بڑافائدہ عمران خان کی حکومت کو ہوگا، ہم نے کسی پر الزام نہیں لگایا، کسی کی ہتک نہیں کی، حقائق بیان کیے ہیں،جس نے ملک کو لوٹا اسکو جواب تو دینا ہو گا، دنیا میں کہیں قیمت خرید سے کم پیٹرول نہیں مل رہا ہے، معیشت سنبھالنے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے، آئینی عہدوں کو آئینی ذمے داری ادا کرنا چاہیے، رات کے اندھیرے میں گورنر کو بدلنے والے صدر 5 دن سے غائب ہیں،الیکشن کمیشن نے 7ماہ میں الیکشن کرانے کا کہا ہے،7 ماہ کے لیے نگران حکومت کا ملک متحمل نہیں ہوسکتا،4سال میں جو تباہی مچائی ہے، اس کو فوری طور پر ٹھیک نہیں کیا جاسکتا،ڈار صاحب کا وطن واپسی کا فیصلہ ان کا اپنا ہے،وہ جب چاہیں گے واپس آجائیں گے۔