وزیراعظم شہباز شریف سے بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد کی ملاقات

293

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد کی ملاقات۔ بحرین کے سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کو بحرین کی قیادت کی طرف سے وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ بحرین کے سفیر نے پاکستان اور بحرین کے مابین دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کی قیادت کی طرف سے تہنیتی پیغام پر بحرین کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، افرادی قوت اور غذائی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات اور دوطرفہ اقتصادی روابط کو مستحکم بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے بحرین کی حکومت کی طرف سے کورونا کی وبا کے مشکل وقت میں پاکستانی برادری کی دیکھ بھال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں کنگ حماد نرسنگ یونیورسٹی اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز ہاسپٹل کے منصوبے کا بھی خیرمقدم کیا جو دونوں ممالک کے مابین قریبی دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ بحرین میں بہت بڑی تعداد میں سمندرپار پاکستانی رہتے ہیں اور پاکستان اور بحرین کے مابین مشترکہ عقیدے اور اقدار کی بنیاد پر قریبی دوستانہ تعلقات ہیں۔

دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ قریبی اشتراک کار اور مختلف علاقائی اور عالمی امور پر یکساں دلچسپی رکھتے ہیں۔ پاکستان اور بحرین نے گزشتہ سال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی پچاسویں سالگرہ بھی منائی تھی۔