کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے ایچ اے فائف اے سائیڈ رمضان فیسٹول ہاکی چیمپئنز لیگ کے چھٹے روز یوتھ ہاکی کلب اورنج اور کراچی گلیڈی ایٹر کے درمیان کھیلا گیا میچ آغاز سے سنسنی خیز رہا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی بھر پور کوشش کی، پہلے ہاف کے اختتام پر یوتھ اورنج کو 3-4 کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں کراچی گلیڈی ایٹر نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم میچ اپنے نام نہیں کرسکی۔ یوتھ اورنج نے 8 کے مقابلے میں 6 گول سے کامیابی سمیٹ لی۔ فاتح ٹیم کے تجربہ کار فارورڈ عدنان لڈو نے شاندار ہیٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا، انہوں نے 14,16 اور 36 ویں منٹ میں، وسیم اسلم 27 اور 32 ویں منٹ، بابر، شہباز عالم اور سلطان محمود نے 13,?15 اور 33 ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دیکھانے میں کامیاب رہے کراچی گلیڈی ایٹر کے سعاد علی کی ہیٹرک بھی ان کے ٹیم۔کو فتح نہیں دلا سکی، سعاد علی نے 13,19 اور 33 ویں منٹ میں جبکہ احمد علی، شہزاد اور عثمان خان نے بالترتیب 20, 23 اور 38 ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی۔مہمان خاص چیف ایگزیکٹو شاہ ایڈورٹائزرز کاشف رحمانی نے کھلاڑیوں سے ملاقات، کھلاڑیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا ہاکی کی بحالی کے لئے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، قومی کھیل کی پروموشن کے لئے کے ایچ اے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔