لاہور: مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حناپرویز بٹ نے کہا ہے کہ عارف علوی اور عمر سرفراز چیمہ کو اب اخلاقی طور پر عہدوں سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔
گورنر پنجاب نے حمزہ شہباز سے حلف نہ لے کر اپنے آئینی عہدے اور عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی ہے۔عمران خان نے آئین پاکستان کے بعد آئینی عہدوں کا بھی مذاق بنادیا ہے۔ایک نووارد سیاستدان کی وجہ سے پاکستان دنیا میں تماشا بن کر رہ گیا ہے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ پنجاب کے ڈپٹی سپیکر کو بہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔فافن نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حکومت نے پنجاب اسمبلی میں پلاننگ کے تحت لڑائی شروع کی۔فافن نے مطالبہ کیا ہے کہ شرپسند عناصر کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا حمزہ شہباز نے بطور وزیراعلیٰ آج نہیں توکل حلف اٹھا لینا ہے لیکن عمر سرفراز چیمہ بھی قاسم سوری اور عارف علوی کی طرح آئین شکن افراد کی لسٹ میں شامل ہونگے۔
تحریک انصاف میں ہی مائنڈ سیٹ چلتا ہے جس کے سرغنہ عمران خان ہیں ۔جو اپنے تمام ترجمانوں کو گالم گلوچ کے علاوہ کچھ نہیں سکھاتے۔چار سال تک ملک پر مجرم مسلط رہے اور قوم کی کدمت کرنے والوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا۔الحمد اللہ آج مسلم لیگ(ن) کے تمام رہنما عدالتوں سے سرخرو ہورہے ہیں۔