اسلام آباد: نومنتخب وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف کسی بھی قسم کی کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جائیگی، بدعنوانی کا کیس آیا تو تحقیقات ضرور ہونگی، عمران خان فول پروف سکیورٹی فراہم کر دی گئی ،عمران خان کی زندگی کو خطرے کے حوالے سے ہمارے پاس کوئی انٹیلی جنس اطلاعات نہیں، راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ میں اربوں روپے کے گھپلوں کی اطلاع ملی ہے اس پر تحقیقات ہونگی، دہشتگردی کی نئی لہر سے نمٹنے کیلئے طویل المدتی اور مختصر المدتی پالیسیاں وضح کی جائیں گی، سوشل میڈیا پر پابندیاں نہیں لگائیں گے ،اسے ریگولیٹ کریں گے، مجھ پر منشیات کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے انکی تحقیقات کی جائیں گی، یف آئی اے میں اصلاحات کریں گے اور اسے سیاسی انتقامی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ منگل کو حلف اٹھانے کے بعد ایوان صدر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف کسی بھی قسم کی کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کیخلاف بدعنوانی کا کوئی کیس آیا تو پہلے اسکی تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرے کے حوالے سے ہمارے پاس کوئی انٹیلی جنس اطلاعات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ میں اربوں روپے کے گھپلوں کی اطلاع ملی ہے اس پر تحقیقات ہونگی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی نئی لہر سے نمٹنے کیلئے طویل المدتی اور مختصر المدتی پالیسیاں وضح کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پابندیاں نہیں لگائیں گے بلکہ اسے ریگولیٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن اور اظہار رائے کیلئے سوشل میڈیا بہترین پلیٹ فارم ہے، مجھ پر منشیات کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے انکی تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ موقف بدلنے میں تیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی پاسپورٹ سابق وزیراعظم نواز شریف کا حق ہے اور انہیں جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے شخص کو ملکی شہریت سے محروم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں اصلاحات کریں گے اور اسے سیاسی انتقامی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمران پارٹی کیخلاف کسی قسم کی کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے سابق وزرائے اعظم اور وزرا کی سیکیورٹی فورا واپس لے لی تھی ہم ایسا نہیں کریں گے۔