سکھر (نمائندہ جسارت) عیدالفطر کی آمد نزدیک آتے ہی جرائم پیشہ عناصر سرگرم، کار، موٹر سائیکل چوری، رہزنی، لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ، شہری و تاجر عدم تحفظ کا شکار، مساجد کے باہر کھڑی گاڑیاں بھی چوری ہونے لگیں، شہری و عوامی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی سکھر سے نوٹس لیکر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور آپریشن اور مسروقہ گاڑیوں کی برآمدگی کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کی آمد نزدیک آتے ہی جہاں ایک جانب سکھر شہر کی تجارتی مارکیٹوں و بازاروں میں خریداروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے تو وہاں دوسری جانب جرائم پیشہ عناصر بھی متحرک ہوگئے ہیں اور نامعلوم ملزمان کی جانب سے دن دہاڑے چوری، لوٹ مار، رہزنی کی وارداتیں انجام دیکر شہریوں و تاجروں کو قیمتی سامان سے محروم کیا جارہا ہے، کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب کسی علاقے سے موٹر سائیکل، کار یا دیگر گاڑیاں چوری ہونے، رہزنی اور لوٹ مار کی واردات رپورٹ نہ ہوتی ہو. چوروں کے حوصلے اتنے بڑھ گئے ہیں کہ دن دہاڑے مساجد کے باہر کھڑی ہوئی گاڑیاں بھی چوری کرنا شروع کردی ہے، گزشتہ روز تھانہ بی سیکشن کی حدود گھاٹ اسکول نزد باب رحمت مسجد کے باہر سے صحافی عارف میمن کے بھائی سابق یوسی چیئر مین حنیف میمن کی ٹویوٹا سپر الٹس سفید رنگ کی کار جس کا نمبر BEF-777 ہے، نامعلوم ملزمان لیکر فرار ہوگئے، اسی طرح مختلف تھانوں کی حدود میں بھی آئے دن چوری، لوٹ مار، رہزنی کی وارداتیں انجام دی جارہی ہیں، جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں و تاجروں کو عدم تحفظ کا شکار بنادیا ہے. شہری و عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ پولیس جرائم پیشہ افراد کے سامنے بے بس ہوچکی ہے، پولیس کی جانب سے یومیہ کی بنیاد پر پریس بیان جاری کرکے تو سب اچھا ہے کا راگ الاپا جارہا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ شہری و تاجر لٹ رہے ہیں، اسٹریٹ کرائم بڑھ گیا ہے، جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے ہر گزرتے دن کے ساتھ بلند ہورہے ہیں، صحافی عارف میمن کے بھائی کی کار مسجد کے باہر سے چوری ہونے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی سکھر سے اپیل کرتے ہیں کہ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور انداز سے آپریشن کیا جائے، ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بناکر چوری و لوٹا گیا مسروقہ سامان و گاڑیاں برآمد کراکر مالکان کے حوالے کیا جائے۔