عمران خان نے سیاست کو دشمنی میں بدل دیا‘ شاہد خاقان

292

اسلام آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر نا ئب صدر اور سا بق وزیر اعظم شا ہد خا قان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت17 اگست 2023ء تک اپنی مدت پوری کرے گی‘ ہم نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب کرائی ہے‘ اب ہم ملکی معاملات کو سنبھالا دیں گے اور پھر الیکشن میں جائیں گے‘ عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے‘ عمران خان وہ شخص ہے جو نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس کی دستاویزات میں امریکا کا نام بھی نہ لکھ سکا اور دعوے یہ ہیں کہ میں نے یہ کہا اور وہ کہا اور پتا چلا کہ امریکا نے اڈے ہی نہیں مانگے‘ عمران خان کا سارا بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے اور جھوٹ ایکسپوز ہو جاتا ہے‘ عمران خان آج بھی ایکسپوز ہے اور کل پھر ایکسپوز ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار شاہد خاقان عباسی نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ملک ہمارے ملک کو دھمکی دیتا ہے تو پھر آئی ایم ایف وغیرہ کو بھول جائیں‘ پھر اس کا مقابلہ کرنا ہم پر لازم ہے‘ ایم کیو ایم کی کچھ گزارشات تھیں، میں ان کو مطالبات نہیں کہوں گا، جن پرکوئی 2 رائے نہیں ہے اور ووٹنگ سے پہلے ایم کیو ایم نے گورنر یا وزارتوں کا کو ئی مطالبہ نہیں رکھا۔