حمزہ شہباز کے حلف کا معاملہ، ن لیگ کا ہائیکورٹ جانے کا فیصلہ

365
Punjab Assembly

لاہور: مسلم لیگ ( ن) نے نو منتخب وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کے حلف کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رہنما ن لیگ عطا اللہ تارڑ آج (منگل کو) اس معاملے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔ عطا تارڑ کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ 12 کروڑ عوام کا صوبہ بغیر وزیراعلی کے چل رہا ہے۔

دوسری جانب پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب، سیکرٹری اسمبلی کی رپورٹ کے خلاف میدان میں آگئے، کہا کہ گورنر پنجاب کسی صورت حلف سے انکار نہیں کر سکتے۔ پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو خط لکھا ہے جس میں انہیں آئینی ذمہ داری سے آگاہ کیا گیا ہے۔ خط کے متن میں تحریر ہے کہ گورنر پنجاب حلف سے انکار کسی صورت نہیں کرسکتے، ایسا کرنے پر گورنر آئینی خلاف ورزی کے مرتکب ہوسکتے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ گورنرحلف نہ لے سکے تو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو حلف لینے کا کہہ سکتا ہے۔ پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب نے خط میں مزید کہا ہے کہ سیکریٹری اسمبلی کو یہ حق نہیں کہ ڈپٹی اسپیکر کے فیصلے کے خلاف رپورٹ جاری کرے۔ خط میں انہوں نے کہا کہ سیکریٹری اسمبلی کی رپورٹ یکطرفہ ہے، رپورٹ سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب کے پاس کسی پارلیمانی نتائج کو مسترد کرنے کا اختیار نہیں ہے۔