نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے کیخلاف فیصلہ محفوظ

372

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے نوازشریف کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ جاری کرنے سے روکنے کے لئے درخواست قابل سماعت ہونے پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے درخواست گزارکے وکیل سے استفسار کیا کہ وفاقی حکومت نے کونسا حکم دیا ہے جسے چیلنج کیا ہے۔ عدالت ہوا میں تو کوئی فیصلہ نہیں دے سکتی۔

آرڈر کہاں پراورکس نے جاری کیا ہے جس کو آپ چیلنج کررہے ہیں۔ کیوں نہ آپ کی درخواست جرمانے کے ساتھ خارج کی جائے،چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ اگر کوئی اشتہاری ہے تو اس سے متعلق قانون موجود ہے وہ اپنا راستہ خود بنائے گا۔ اور بہت سے ایشوز ہیں آپ غیر ضروری طور پر یہ معاملہ کیوں لائے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ یہ میڈیا پر ہر طرف چل رہا ہے عدالت کا وقار بھی ہمارے مدنظر ہے۔اگر وقت دیا جائے تو ہم حکومت سے آرڈر حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔