وزارتوں کی تقسیم مکمل،آج حلف برداری متوقع ،شاہد خاقان کی وزارت لینے سے معذرت

493

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک +آئی این پی) حکمران اتحاد میں وزارتوں کی تقسیم مکمل ہوگئی ہے جس کے بعد آج حلف برداری متوقع ہے، پہلے مرحلے میں 10 سے 12 وزرا حلف اٹھائیں گے۔ سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے وزارت لینے سے معذرت کرلی ہے۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حکمران جماعت ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ بن رہی ہے، وزارت خارجہ کا تقاضہ پیپلزپارٹی نے کیا تھا، بلاول وزیرخارجہ بننا چاہتے ہیں، وزارت خارجہ انہیں ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ وزارت خزانہ، داخلہ، قومی سلامتی، توانائی، منصوبہ بندی اوروزارت اطلاعات ن لیگ کے پاس ہوگی جبکہ تجارت اور مواصلات میں سے ایک پیپلزپارٹی اورایک ن لیگ کوملے گی۔راناثنا اللہ کا کہنا تھاکہ انسانی حقوق کی وزارت پیپلزپارٹی کے پاس جائے گی، وزارت اوورسیزپاکستانی اوروزارت بحری امور میں سے ایک ایم کیوایم اورایک پیپلزپارٹی کے پاس ہوگی، اس کے علاوہ گورنرپنجاب ن لیگ مقررکرے گی اور سندھ کاگورنرپیپلزپارٹی اورایم کیوایم کی مشاورت سے ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اتحادی جماعتوں پر مشتمل کمیٹی نے وزارتوں کی تقسیم مکمل کرلی، اتحادی جماعتوں نے ایک دن کا وقت مانگا ہے اور کہا ہے کہ ایک دن چاہیے تاکہ پارٹی میں فیصلہ کرلیں کس رکن کوکون سی وزارت دینی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارتوں کی تقسیم ہوگئی اب اتحادی جماعتیں اپنے اراکین کے نام دیں گی، دیگرجماعتوں کے نام وزارتوں کے لیے سامنے آئیں گے تون لیگ بھی سامنے لائے گی۔لیگی رہنما کے مطابق پارلیمنٹ میں اراکین کے حساب سے ن لیگ کی 14 اور پیپلزپارٹی کی 11 وزارتیں بنتی ہیں، دیگرجماعتوں کے نام وزارتوں کے لیے سامنے آئیں گے تون لیگ بھی سامنے لائے گی۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کسی بھی وزارت کا قلمدان لینے سے معذرت کرلی ہے، شاہد خاقان عباسی بغیر قلمدان توانائی کے امور دیکھیں گے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ کابینہ کا حصہ نہ بننے کا خیال شاہد خاقان عباسی کا اپنا ہوگا لیکن پیٹرولیم کے معاملے میں ان کے تجربے کا فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جب وزیراعظم کہیں گے تو وہ کابینہ کا ضرور حصہ بنیں گے۔